ہندوستانی مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں کے بد ترین سیلاب نے ہر طرف تباہی پھیلا دی ہے۔ وہاں بھی ’’آسمانی آفات‘‘ غریبوں اور محروموں کو ہی بربادکرتی ہیں۔ جہاں ہندوبنیاد پرستوں نے نسل پرستی اور مذہبی فسطائیت کا زہر پھیلا رکھا ہے وہاں بھارتی ریاست بھی سیلاب میں گھرے عوام کو بچاؤ اور امداد دینے سے قاصر ہے۔ دنیا کے ہر دوسرے خطے کی طرح اس ’’جنت بے نظیر‘‘ میں بھی مشکل کی گھڑی میں غریب ہی غریب کے کام آیاہے۔ برباد ہونے والے ہی ایک دوسرے کا سہارا بنے ہیں۔ محنت کش ہی محنت کشوں کا احساس کرنے والے ہیں۔ یہ سیلاب ہر قسم کی مذہبی بنیاد پرستی کو بھی ساتھ بہا لے گیا ہے۔ کہیں کسی بھوکے پنڈت اور اس کے خاندان کو سیلابوں میں گھرے مسلمان کشتی بانوں نے ڈوبنے سے بچایا اور کئی دنوں تک پناہ اور
...